جمعہ 13 نومبر 2026 - 12:42
حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے امام علیؑ کے ہمراہ گھر گھر جاکر حقِ خلافت کے لیے اتمام حجت کی

حوزہ/ تاریخ سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے سقیفہ کے بعد حقِ خلافت کے دفاع اور مسلمانوں پر حجت تمام کرنے کے لیے امام علی علیہ السلام کے ہمراہ مہاجرین و انصار کے گھر گھر گئیں۔ اس موقع پر امام حسن اور امام حسین علیہما السلام بھی ان کے ساتھ تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تاریخی کتابوں میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سقیفہ کے بعد کی جدوجہد کے حوالے سے متعدد روایات نقل ہوئی ہیں، جن سے واضح ہوتا ہے کہ آپؑ نے امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی حمایت اور ان کے حقِ خلافت کی یاد دہانی کے لیے عملی اقدامات کیے۔

روایت کے مطابق، رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد جب مہاجرین و انصار کے درمیان خلافت کا معاملہ اٹھا اور سقیفہ بنی ساعدہ میں خلیفہ کا انتخاب ہوا تو حضرت علی علیہ السلام نے مسلمانوں پر حجت تمام کرنے اور اپنے حق کے دفاع کے لیے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور اپنے دونوں فرزندوں امام حسن و امام حسین علیہما السلام کے ہمراہ مہاجرین و انصار کے گھروں کا رخ کیا۔

سلمان فارسی سے منقول روایت کے مطابق، امیرالمؤمنین علیہ السلام رات کے وقت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو سواری پر بٹھاتے اور امام حسن و امام حسین علیہما السلام کے ہاتھ پکڑ کر مختلف گھروں پر جاتے۔ اس موقع پر آپؑ لوگوں سے اپنے حق کے دفاع میں گواہی کی درخواست کرتے، لیکن بہت کم افراد نے آپ کی دعوت قبول کی۔

امیرالمؤمنین علیہ السلام نے گواہی دینے کے لیے آمادگی ظاہر کرنے والوں سے فرمایا کہ صبح اپنے سر منڈوا کر ہتھیاروں کے ساتھ حاضر ہوں اور جان کی بازی لگانے کے لیے تیار رہیں، لیکن صبح صرف چار افراد اپنے وعدے پر قائم رہے۔

روایت میں ہے کہ حضرت علی علیہ السلام نے تین راتوں تک یہ سلسلہ جاری رکھا، مگر ہر مرتبہ وہی چار افراد اپنے عہد پر قائم رہے۔ اس صورت حال کے بعد آپؑ گھر میں گوشہ نشین ہوگئے اور قرآن کریم کو جمع کرنے میں مصروف ہوگئے۔

شیخ مفید کی کتاب الاختصاص میں بھی اس واقعے کی تفصیل ملتی ہے۔ فَقَامَتْ مُغْضَبَةً وَ قَالَتْ اللَّهُمَّ إِنَّهُمَا ظَلَمَا ابْنَةَ مُحَمَّدٍ نَبِیِّکَ حَقَّهَا فَاشْدُدْ وَطْأَتَکَ عَلَیْهِمَا ثُمَّ خَرَجَتْ وَ حَمَلَهَا عَلِیٌّ عَلَی أَتَانٍ عَلَیْهِ کِسَاءٌ لَهُ خَمْلٌ فَدَارَ بِهَا أَرْبَعِینَ صَبَاحاً فِی بُیُوتِ الْمُهَاجِرِینَ وَ الْأَنْصَارِ وَ الْحَسَنِ وَ الْحُسَیْنِ مَعَهَا وَ هِیَ تَقُولُ یَا مَعْشَرَ الْمُهَاجِرِینَ وَ الْأَنْصَارِ انْصُرُوا اللَّهَ فَإِنِّی ابْنَةُ نَبِیِّکُمْ وَ قَدْ بَایَعْتُمْ رَسُولَ اللَّهِ ص یَوْمَ بَایَعْتُمُوهُ أَنْ تَمْنَعُوهُ وَ ذُرِّیَّتَهُ مِمَّا تَمْنَعُونَ مِنْهُ أَنْفُسَکُمْ وَ ذَرَارِیَّکُمْ فَفُوا لِرَسُولِ اللَّهِ ص بِبَیْعَتِکُمْ قَالَ فَمَا أَعَانَهَا أَحَدٌ وَ لَا أَجَابَهَا وَ لَا نَصَرَهَا۔

اس روایت کے مطابق، فدک کے معاملے پر عمر کے ساتھ گفتگو کے بعد حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے احتجاج کیا۔ اس موقع پر عمر بن خطاب نے کہا کہ ایک عورت کی گواہی اکیلے کافی نہیں ہے۔ اس پر حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے ناراضگی کا اظہار کیا اور ظلم کرنے والوں کے خلاف بارگاہ الٰہی میں شکایت کی۔

اس کے بعد حضرت علی علیہ السلام آپؑ کو سواری پر بٹھا کر تقریباً چالیس دن تک مہاجرین و انصار کے گھروں میں لے گئے۔ امام حسن اور امام حسین علیہما السلام بھی ساتھ تھے۔ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا لوگوں کو رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ کیے گئے عہد کی یاد دلاتیں اور فرماتیں کہ تم نے رسول خدا سے عہد کیا تھا کہ جس طرح اپنی اور اپنی اولاد کی حفاظت کرتے ہو، اسی طرح رسول خدا اور ان کی اولاد کی بھی حفاظت کرو گے، لہٰذا اپنے عہد کو پورا کرو۔

تاہم اس روایت کے مطابق، کسی نے آپؑ کی مدد کے لیے لبیک نہیں کہا۔

یہ روایات بحارالانوار، جلد 28، صفحات 264 اور 267، اور شیخ مفید کی کتاب الاختصاص، صفحہ 184 میں نقل ہوئی ہیں۔ ان کے مطابق حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی یہ جدوجہد امام علی علیہ السلام کی نگرانی اور حفاظت میں، اپنے فرزندوں کے ہمراہ انجام پائی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha